جمعہ, 25 اپریل , 2025

کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات، رفتار کی حد مقرر، ڈرگ ٹیسٹ لازم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ٹریفک مسائل پر اہم اجلاس میں شہر میں بھاری ٹریفک سے بڑھتے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی، جبکہ ڈرائیورز کے لیے منشیات کے استعمال کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا سعید غنی، مکیش چاولہ، ضیاء لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ آئی جی سندھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2024 میں کراچی میں 16 لاکھ سے زائد ٹریفک چالان کیے گئے، ایک ارب 33 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا، 5 لاکھ سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور 11 ہزار سے زائد ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 7555 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کیے گئے۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سڑکوں پر انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے، پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت حادثات کی روک تھام یقینی بنائیں، انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ بھاری گاڑیوں میں ٹریکر اور ڈیش کیم کی تنصیب لازمی کی جائے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ ہونے والی گاڑیاں فوری ضبط کی جائیں اور ان کے دوبارہ سڑک پر آنے کی اجازت محکمہ ٹرانسپورٹ کی منظوری سے مشروط ہو، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، غیر مجاز سائرن اور لائٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ہیلمٹ نہ پہننے اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔

انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا سے قبل ڈرائیورز کی بین الاقوامی معیار کی تربیت کو لازمی قرار دیتے ہوئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو میئر کے ماتحت کرنے اور نئی طرز پر منظم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فوری عملدرآمد کے لیے آئی جی سندھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter