کراچی، بلدیہ ٹاؤن میں پانی کے ٹینکر کی ٹکر سے 4 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن فیضان نے بتایا کہ یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچہ کھیل کے دوران سڑک پار کر رہا تھا کہ اچانک واٹر ٹینکر کی زد میں آگیا۔
یاد رہے کہ 2 روز پہلے بھی کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد مشتعل شہریوں نے کئی ڈمپر گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں جان گنوانے والوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرچکی ہے۔
دوسری جانب لا ہور کے علاقے سندر میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار منی ٹرک نے موٹرسائیکل رکشہ کو پیچھے سے ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں2خواتین سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ ملتان روڈ پر سندر تھانے کے قریب پیش آیا، جب ایک منی ٹرک نے رکشہ کو زور دار ٹکر ماری،رکشے میں 5 افراد سوار تھے، جن میں سے تین جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔