پشاور، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے جرم میں گرفتار ملزم کو 10 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق مقدمے کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم فہیم خان پر کالعدم تنظیم کے لیے چندہ جمع کرنے کا الزام تھا۔
سی ٹی ڈی پولیس نے 22 اگست 2023 کو اسے حراست میں لیا تھا اور اس کے خلاف دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف باضابطہ ٹرائل ہوا، اور جرم ثابت ہونے پر عدالت نے اسے 10 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن نے ججز کے تبادلے کے خلاف سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں صدر پاکستان، وفاق، رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار لاہور، اسلام آباد، سندھ، بلوچستان ہائی کورٹس، اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ ہونے والے ججز اور متاثرہ ججز کو فریق بنایا گیا ہے۔