کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی میں ملوث ایک اہم مطلوب ملزم اختر عرف اکو کو گرفتار کر لیا، جو کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے وابستہ ہے۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اختر عرف اکو نے 2019 میں اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے کہنے پر کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ملزم نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ فراز کے ساتھ مل کر کراچی میں حساس مقامات کی نگرانی اور ویڈیوز بنانے میں مصروف رہا ہے، اس نے 9 مارچ 2021 کو لیاری میں چینی شہریوں کی گاڑی پر فائرنگ کی واردات کا بھی اعتراف کیا، جس میں چینی منیجر جیسن اور ایک راہگیر خالد زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کی ایف آئی آر تھانہ بغدادی میں درج ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
اختر نے مزید بتایا کہ وہ اور فراز صحافی اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی ریکی کر کے ان کی ویڈیوز بی ایل ایف کمانڈر عبد الرحمٰن عرف ڈیوڈ کو بھجواتے رہے۔
انہی معلومات کی بنیاد پر 10 اکتوبر 2021 کو شاہد زہری اور 1 نومبر 2021 کو اکرم ساجدی کی گاڑیوں پر مقناطیسی بم حملے کیے گئے، جن میں دونوں صحافی جاں بحق ہوئے۔
رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے اور اسے قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔