ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں مختلف عوامی فلاحی پروگرامز کے تحت شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں مختلف عوامی فلاحی پروگرامز کے تحت شہریوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان پروگرامز میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، سولر پروگرام، نگہبان پیکج (رمضان سہولت)، مریم کی دستک، آسان کاروبار، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ، اور ہمت کارڈ شامل ہیں۔
اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت عوام کو گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 7 سال کی مدت تک 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب تمام سروس چارجز خود ادا کرے گی تاکہ شہریوں کو کسی اضافی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسی طرح کسان کارڈ اور ہمت کارڈ جیسے منصوبے بھی عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو رہے ہیں۔ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے مالی معاونت، سبسڈی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ہمت کارڈ کا مقصد کم آمدنی والے شہریوں کو حکومتی امداد تک آسان رسائی دینا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے تمام تحصیل دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہری اپنے مسائل کے حل اور پروگرام کی تفصیلات کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کی مکمل رہنمائی کی جائے اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام فلاحی منصوبے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔