ڈپٹی کمشنر گجرات کا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سوک کلاں کا دورہ، تعلیمی معیار اور امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سوک کلاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی عمل، امتحانی انتظامات اور اسکول میں دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ طالبات نے اسکول میں دستیاب سہولیات اور تعلیمی معیار پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امتحانات کے دوران نگرانی کے انتظامات، نظم و ضبط اور مہیا کردہ ماحول کا بھی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ طالبات کی تعلیمی بہتری کے لیے مزید محنت کریں اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے امتحانات کے شفاف انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ معیار اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔