ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کا اچانک دورہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کا اچانک دورہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول کے مختلف شعبوں، بشمول کلاس رومز، سائنس و کمپیوٹر لیبز اور لائبریری کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور اساتذہ سے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کمپیوٹر اور سائنس لیبز کو مکمل فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت دی تاکہ طلبہ جدید تعلیمی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ مزید برآں، انہوں نے صفائی کے انتظامات اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور طالبات کو ایک محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی ڈی ڈویلپمنٹ اور سی ای او ایجوکیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے اسکول میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالبات کی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔