31
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول عاددوال میں سالانہ تقریبِ تقسیم انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات اور شیلڈز پیش کیں اور ان کی محنت کو سراہا۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ، طلبہ اور عملے سے ملاقات کی، تعلیمی معیار اور سکول کی سہولیات کا جائزہ لیا اور بہترین تدریسی ماحول برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو اپنی زندگی کا ہدف بنائیں، کیونکہ تعلیم ہی کامیابی اور ترقی کا راستہ ہے۔
سکول کے پرنسپل محمد زمان نے ادارے کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کو تاکید کی کہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔
تقریب کے اختتام پر صفدر ورک نے والدین، اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ طلبہ مستقبل میں ملک و قوم کا روشن سرمایہ ثابت ہوں گے۔