ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے مریم نواز ہیلتھ کلینک معین الدین پور کا دورہ کیا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے مریم نواز ہیلتھ کلینک معین الدین پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دستیاب طبی سہولیات، ویکسینز، ادویات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے کلینک میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کلینک میں موجود ڈاکٹرز، طبی عملے اور مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے کی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی، ویکسینیشن کا عمل اور دیگر طبی خدمات کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور مریم نواز ہیلتھ کلینک جیسے مراکز صحت عامہ کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ کلینک میں تمام ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کمی کی فوری نشاندہی کرکے اس کا ازالہ کیا جائے۔
مریضوں نے کلینک میں دستیاب طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔