گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی کی صورتحال، عملے کی حاضری اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نے موقع پر موجود چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خالق داد سے صفائی، نکاسی آب، کچرا تلفی اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر نے عملے کی حاضری چیک کی اور ہدایت دی کہ صفائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے، خاص طور پر بازاروں، گلی محلوں اور عوامی مقامات پر صفائی کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے میونسپل عملے کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے۔ اس دوران، ڈی سی گجرات نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی معائنہ کیا اور پانی کے معیار اور فلٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ فلٹریشن پلانٹس کی صفائی اور پانی کی کوالٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے بلدیاتی عملے کی کارکردگی کو سخت مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے حوالے سے بلدیاتی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو مطلع کریں