ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے معیار اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل سوک کلاں اور ملحقہ آبادیوں میں جاری سیوریج، نکاسی آب اور فراہمی آب کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ "ڈسٹرکٹ ایس ڈی جیز 2024-2025” پروگرام کے تحت 20 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی انتظامی و تکنیکی منظوری اور ورک آرڈر کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس کے فوائد حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کے لیے مزید دورے بھی کیے جائیں گے۔