ڈپٹی کمشنر گجرات کا بیسک ہیلتھ یونٹ چک سادہ کا دورہ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے بیسک ہیلتھ یونٹ (BHU) چک سادہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، دستیاب ادویات، ویکسینیشن، عملے کی حاضری اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے کلینک میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، لیبارٹری، ویکسینیشن سینٹر اور فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں و ان کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے طبی عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت علاج فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی کمی یا شکایت کی فوری نشاندہی کرکے اس کا ازالہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مراکز صحت (BHU) دیہی عوام کے لیے صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے یہاں فراہم کی جانے والی خدمات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر گجرات کا گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سوک کلاں کا دورہ
مریضوں اور ان کے لواحقین نے بہتر طبی سہولیات کی دستیابی پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور بی ایچ یو چک سادہ میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی۔