اسلام آباد، قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں وزراء کی غیر حاضری پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کو خط ارسال کر دیا۔
خط کے متن میں غلام مصطفیٰ شاہ نے ایوان میں سوالات کے وقفے کے دوران وزراء کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، انہوں نے خاص طور پر 20 مارچ کو وزارت توانائی اور وزارت مواصلات کے وزراء اور پارلیمانی سیکریٹریز کی غیر حاضری کا حوالہ دیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے مؤقف اختیار کیا کہ وزراء اور پارلیمانی سیکریٹریز کا اجلاسوں میں شریک نہ ہونا پارلیمانی روایات کی صریح خلاف ورزی ہے، وزراء کی عدم حاضری کے باعث عوامی مسائل پر بحث ممکن نہیں ہو پائی، جو ایک فوری حل طلب معاملہ ہے۔
انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ قومی وسائل کے استعمال کے باوجود وزراء کی عدم دلچسپی ایوان کی کارروائی کے بنیادی مقصد کو متاثر کرتی ہے، آئین کے تحت اراکین کے سوالات کے جوابات دینا کابینہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے، لہٰذا وزیراعظم فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور اس کا حل نکالیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے کسی بھی قسم کی معافی کا امکان نہیں ہے۔