وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے حالیہ بیان کو پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور اس راہ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قیادت اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے اور امریکا کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے شراکت داری جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اپنے حالیہ خطاب میں افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے ایک اہم دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔