ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گجرات ڈویژن چوہدری محمود گوندل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر جم خانہ گجرات میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گجرات ڈویژن چوہدری محمود گوندل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر جم خانہ گجرات میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ضلعی و بلدیاتی اداروں کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں چوہدری محمود گوندل کی خدمات کو زبردست انداز میں سراہا گیا اور ان کی جانب سے بلدیاتی نظام، گورننس اور سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لیے کی گئی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری محمود گوندل ایک دیانت دار، فرض شناس اور مثالی افسر رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ اداروں کو مستحکم بنانے اور عوامی خدمت کو مقدم رکھا۔ ان کا پیشہ ورانہ انداز نوجوان افسران کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری محمود گوندل کی خدمات نہ صرف ضلع گجرات بلکہ پوری گجرات ڈویژن کے لیے مثالی رہیں۔
اپنے خطاب میں چوہدری محمود گوندل نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا ایک یادگار تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم ورک اور ادارہ جاتی بہتری پر یقین رکھتے ہیں اور جو کچھ بھی کیا، وہ اپنے فرائض کا حصہ سمجھ کر کیا۔
تقریب میں اے ڈی سی آر خضر حیات بھٹی، اے ڈی سی جی افضل حیات، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، اے سی کھاریاں احمد شیر، اے سی سرائے عالمگیر فاروق اعظم، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید نوید حیدر، سی او ضلع کونسل، ڈی او آر فراز مہدی، میونسپل افسران اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کو تحائف اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔