بیجنگ، چین نے امریکی مصنوعات پر 84 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ اس سے پہلے 34 فیصد ٹیرف نافذ تھا۔
چینی وزارت خزانہ نے بدھ کو ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر 104 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
چینی وزارت تجارت نے مزید 6 امریکی کمپنیوں کو ’غیر معتبر اداروں کی فہرست‘ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے ان کمپنیوں کے لیے چین میں کاروبار کرنا مشکل ہو جائے گا، اس فہرست میں ایرو اسپیس اور دفاعی کمپنی ’سیرا نیواڈا کارپوریشن‘ سمیت دیگر امریکی کمپنیاں بھی شامل ہیں جبکہ چینی وزارت تجارت نے معروف فیشن برانڈز کی مالک کمپنی ’پی وی ایچ‘ کو بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے۔
غیر معتبر اداروں کی فہرست میں شامل کمپنیوں کو چین میں مالی جرمانے، ریگولیٹری پابندیاں اور دیگر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان کے کاروباری آپریشنز پر منفی اثر ڈالیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 34 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا، جس کے نتیجے میں امریکہ میں چینی مصنوعات پر مجموعی ٹیرف 54 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔