چین میں ایک وسیع و عریض الیکٹرک گاڑیوں کی میگا فیکٹری کی تعمیر کی ڈرون فوٹیج منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں ژنگژو میں قائم BYD فیکٹری دکھائی گئی ہے۔ یہ فیکٹری تکمیل کے بعد 50 مربع میل کے رقبے پر محیط ہوگی، جو امریکی شہر سان فرانسسکو سے بھی بڑی ہوگی اور اس میں فٹبال گراؤنڈ سمیت جدید سہولیات موجود ہوں گی۔
ڈرون فوٹیج میں فیکٹری کے وسیع رقبے اور جدید تعمیراتی ڈیزائن کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس بڑے صنعتی کمپلیکس میں جدید پروڈکشن یونٹس، بلند عمارتیں، فٹبال گراؤنڈ، ٹینس کورٹس اور مربوط سڑکوں کا نیٹ ورک شامل ہے۔ مزید تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور ملازمین کے لیے علیحدہ رہائشی علاقے بھی بنائے جا رہے ہیں۔
ٹیسلا کی گیگا فیکٹری سے بڑی فیکٹری
"دی سن” کی رپورٹ کے مطابق، یہ میگا فیکٹری امریکی کمپنی ٹیسلا کی نیواڈا میں قائم 4.5 مربع میل پر پھیلی گیگا فیکٹری سے کہیں بڑی ہوگی۔ اس کے پانچویں سے آٹھویں فیز تک توسیعی منصوبے سے اس کا حجم مزید بڑھ جائے گا۔
ہزاروں ملازمین اور سالانہ لاکھوں گاڑیوں کی پیداوار
الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی BYD، جس کے عالمی سطح پر 9 لاکھ سے زائد ملازمین ہیں، اگلے تین ماہ میں مزید 2 لاکھ افراد کو بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ژنگژو فیکٹری میں پہلے ہی 60 ہزار سے زائد ورکرز کام کر رہے ہیں، جن میں سے کئی کو سائٹ پر ہی رہائش فراہم کی گئی ہے۔ یہاں تفریحی سہولیات بھی موجود ہیں، جو اسے ایک خودمختار شہر جیسا بناتی ہیں۔
یہ میگا فیکٹری مکمل ہونے کے بعد ہر سال 10 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت رکھے گی۔ یہاں سے تیار ہونے والی پہلی گاڑی "سونگ پرو DM-i” تھی، جو اپریل 2023 میں پروڈکشن لائن سے نکلی، اور اس کی قیمت تقریباً 17,600 برطانوی پاؤنڈ مقرر کی گئی تھی۔
چین کا الیکٹرک وہیکل انڈسٹری میں بڑا قدم
چین عالمی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار میں سبقت حاصل کرنے کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ BYD سمیت دیگر چینی کمپنیاں نئی فیکٹریوں اور جدید ٹیکنالوجیز میں بڑے پیمانے پر سرمایہ لگا رہی ہیں تاکہ دنیا میں الیکٹرک کاروں کی پیداوار میں سب سے آگے رہ سکیں۔