آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی افتتاحی تقریب اور پہلے میچ کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں۔
کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کچھ دیر میں شروع ہوگی، جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پہلے میچ کے لیے اسٹیڈیم پہنچ چکی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایئرو شو کا شاندار مظاہرہ کریں گے، جس سے شائقین محظوظ ہوں گے۔
ٹاس مقامی وقت کے مطابق 1:30 بجے ہوگا جبکہ میچ کا آغاز 2:00 بجے متوقع ہے۔
پاکستان 1996 ورلڈکپ کے بعد پہلی بار کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جس کے لیے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ ٹیموں اور شائقین کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستانی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی۔ اب قومی ٹیم ایک بار پھر ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔