اسلام آباد، چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کمیٹی کیلئے پیپلزپارٹی کی جانب سے 3 نام دے دیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ذرائع نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور فاروق ایچ نائیک کے نام بھجوائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس تعیناتی کمیٹی کیلئے 8 ارکان قومی اسمبلی اور 4 ارکان سینیٹ سے لئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی بنتے ہی وزارت قانون سے 3 سینئر ترین ججز کا پینل طلب کیا جائے گا، کمیٹی ججز کے 3 رکنی پینل میں سے نئے چیف جسٹس کا انتخاب کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے بروقت انصاف ہوگا اور ہوتا نظر بھی آئے گا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے 26 ویں آئینی ترمیم پاس ہونے پر قوم کو مبارکباد دی اور یہ کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم عوام کی آواز سب سے بلند ہونے کا واضح پیغام ہے، آئینی ترمیم پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لئے ضروری تھی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ کو مکمل آئینی اختیار اور عزت واپس ملی ہے، ترمیم سے بروقت انصاف ہوگا اور ہوتا نظر بھی آئے گا، 26 ویں آئینی ترمیم سے ملکی جمہوری نظام مزید مضبوط ہوگا۔