پشاور، تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے کامیاب کوشش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنما اختلافات بھلا کر ساتھ مل کر چلنے پر آمادہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی بھی معاملات سلجھانے پر متفق ہوچکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کے اندرونی مسائل کے حل کے لیے قدم اٹھایا ہے، اور خوشی ہے کہ علی امین گنڈاپور نے مفاہمت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی جماعتوں میں اختلافات فطری ہوتے ہیں، لیکن ان کا مطلب یہ نہیں کہ جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، تمام رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ اتفاق اور یکجہتی سے ہی پارٹی مضبوط ہوگی، اور ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بھی کوشاں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ، اسد قیصر اور شہرام ترکئی، علی امین گنڈاپور سے اختلافات ختم کرنے پر رضامند ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو ایس او ایس ویلجز میں پناہ گاہ اور معیاری تعلیم کی فراہمی قابلِ ستائش اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز اور ایس او ایس چلڈرن ویلج انٹرنیشنل کے صدر ڈیری جے وردوفا کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں بے آسرا بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور ذہنی نشونما کے لیے مشترکہ کوششوں کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔