دبئی ، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو ایشین کرکٹ کونسل کا صدر مقرر کر دیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، ذرائع کے مطابق پاکستان کو ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت دینے کا فیصلہ اے سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
محسن نقوی چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہو گئے ہیں، جس کا باضابطہ اعلان ایشین کرکٹ کونسل بہت جلد کرے گی۔
یاد رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (Asian Cricket Council – ACC) ایک کرکٹ تنظیم ہے جو ایشیا میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی کی ذمہ دار ہے۔
اس کی بنیاد 1983 میں رکھی گئی تھی، اور اس کا مقصد ایشیا میں کرکٹ کے کھیل کو مزید ترقی دینا، کرکٹ کی معیاری تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا، اور مختلف ایونٹس کا انعقاد کرنا ہے،ایشین کرکٹ کونسل کا مرکزی دفتر دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہے۔
اس میں مختلف ایشیائی ممالک کی کرکٹ تنظیمیں شامل ہوتی ہیں، جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال، عمان، اور دیگر شامل ہیں،ایشین کرکٹ کونسل مختلف ٹورنامنٹس اور ایونٹس کا انعقاد کرتی ہے، جیسے ایشیا کپ، جو ایشیائی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا محدود اوورز ٹورنامنٹ ہے۔
علاوہ ازیں، ACC مختلف سطحوں پر ایشیائی کرکٹ کے لیے دیگر پروگرامز اور ترقیاتی سرگرمیاں بھی چلانے کا کام کرتی ہے،ACC کی سربراہی ایشیائی ممالک کے کرکٹ بورڈز کے نمائندے کرتے ہیں اور اس کی کمیٹی عالمی کرکٹ کے معاملات میں ایشیا کے مفادات کی نمائندگی کرتی ہے۔