جمعہ, 25 اپریل , 2025

چوہدری شافع حسین کا شہباز شریف پارک میں چڑیا گھر بنانے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چوہدری شافع حسین کا شہباز شریف پارک میں چڑیا گھر بنانے کا اعلان، ورلڈ بینک ٹیم نے سروے مکمل کر لیا، گجرات میں عالمی معیار کا سیورج منصوبہ جلد شروع ہوگا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے شہباز شریف پارک گجرات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، سٹی صدر مسلم لیگ ن علی ابرار جوڑا، اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر، اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔

latest urdu news

چوہدری شافع حسین نے پارک میں تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے اور شہریوں کے لیے چڑیا گھر کے قیام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر میں مقامی اور نایاب نسل کے جانور رکھے جائیں گے اور اس کے ڈیزائن میں قدرتی ماحول کی عکاسی کی جائے گی۔

چڑیا گھر میں پینے کے صاف پانی، بیٹھنے کے انتظامات، اور جدید واش رومز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ دو سال قبل یہ پارک جنگل کا منظر پیش کر رہا تھا، لیکن ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کی محنت سے پارک کو بہتر بنایا گیا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارک کی بحالی حکومت کی عوامی فلاح کے عزم کا مظہر ہے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے اسلام آباد احتجاج کے بارے میں جعلی ویڈیوز چلائیں، عوام کو گمراہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ 10 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے، لیکن وہاں ایک بھی جنرل اسپتال نہیں بنایا گیا۔ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، اور 9 مئی کے مقدمات کا جلد فیصلہ ہونا چاہیے۔

چوہدری شافع حسین نے گجرات پریس کلب کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے اور صحافیوں کو ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کا وعدہ بھی کیا۔

latest breaking news in urdu 

شیئر کریں:
frontpage hit counter