کھاریاں، ایم پی اے چوہدری شاہد رضا کوٹلہ کی جانب سے ایم این اے چوہدری محمد الیاس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایم پی اے چوہدری شاہد رضا کوٹلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چوہدری محمد الیاس نے ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر حلقہ این اے 62 کے باشعور ووٹرز کی توہین کی ہے۔ انکی اس شرمناک حرکت نے اہلیان گجرات کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں۔
شاہد رضا کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد الیاس کی ضمیر فروشی نے اہلیان گجرات کے سر شرم سے جھکا دیئے۔ بکنا ہی تھا تو قیمت تو اچھی لگوا لیتے یہ این اے 62 کے باشعور ووٹرز کی توہین ہے یہ فیصلہ چوہدری محمد الیاس کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری محمد الیاس نے بانی پی ٹی آئی کو دھوکہ دیا اور بے وفائی کی تاریخ رقم کر دی۔ این اے 62 کے ووٹرز نے ہر جبر کا سامنا کرتے ہوئے انہیں ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا لیکن چوہدری محمد الیاس نے عوامی مینڈیٹ کو چند ٹکوں کے عوض گروی رکھ دیا۔
چوہدری شاہد رضا نے مزید کہا کہ انکی اس حرکت سے پارٹی اور عمران خان کے نظریئے کو کچھ فرق نہیں پڑنے والا، تحریک انصاف کا ہر ورکر ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے چوہدری محمد الیاس نے اپنے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا آئندہ وہ بھول جائیں کہ عوام کا سامنا کر پائیں گے۔