پشاور، تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر تنقید کرنے والوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالوں میں چار معاہدے کیے ہیں۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ ہمیں بار بار بارودی سرنگوں کے طعنے دیے جا رہے تھے، 8 فروری کے بعد ہی بارودی سرنگیں بچھائی گئیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب نے کہا تھا کہ یہ پی ٹی آئی نہیں بلکہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف ہے، اور انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی بارودی سرنگیں بچھائیں، ہم پی ڈی ایم ون اور ٹو کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے کونسی ڈیل ختم کی۔
اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ جب جیب میں پیسے ہوں تو مہنگی چیز بھی سستی لگتی ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 سالوں میں ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور زراعت میں منفی گروتھ کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں صنعت میں دوہرے ہندسوں میں گروتھ ہو رہی تھی، مگر اس کے بعد ہر سال صنعت میں منفی گروتھ دیکھی گئی، 2025 میں غربت کا تناسب 40.5 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
مشیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی حکومت میں بیروزگاری 2.6 فیصد تھی، جو اب بڑھ کر 6 فیصد سے اوپر جاچکی ہے، پاکستان کی 50 فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جا پہنچی ہے، اور لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، یہ کس قسم کی معاشی ترقی ہو رہی ہے؟ جب معیشت بہتر ہونے کی بجائے لوگ اپنی گاڑیاں بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔