سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں، مذاکرات ان سے ہی کامیاب ہوں گے جو ملک کے فیصلے کر رہے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانے میں کس کا کردار تھا سب جانتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے حوالے سے پارٹی چیئرمین کو مشورہ دوں گا۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی، اسپیکر نے حکومتی اور پی ٹی آئی کمیٹی کو آج ملاقات کیلئے بلایا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پراڈکٹ تھا اور اب امریکا کے کاندھوں پر بیٹھ کر اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ کل 9 مئی کے 25 ملزمان کا فیصلہ آیا ،یہ قومی نوعیت کا ایسا مسئلہ تھا جس پر فوری طور پر فیصلوں کی ضرورت تھی ،ایسے معاملے پر فیصلے ڈیڑھ سال سے لٹک رہے تھے۔