آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کرکٹ کے خلاف منفی پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقیقت سے دور قرار دیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا جھوٹی قیاس آرائیوں پر مبنی کہانیاں بنا رہا ہے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کمی کو جواز بنا کر یہ بے بنیاد دعویٰ گھڑا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پی سی بی کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا بلکہ ہمیں میزبانی کے عوض 6 ملین ڈالرز حاصل ہوں گے، جب کہ گیٹ منی کی آمدنی کا تعین چند ماہ بعد آڈٹ کے بعد ہوگا، مزید یہ کہ ہوٹلوں کے کرائے، سفری اخراجات، انعامی رقم اور دیگر مالی ضروریات کی ادائیگی آئی سی سی خود کرے گا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے دوران 869 کروڑ روپے (85 ملین ڈالر) کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے باعث کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کمی اور فائیو اسٹار ہوٹلز کی سہولت ختم کرنے جیسے سخت فیصلے کیے گئے ہیں۔