کراچی، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چولستان میں نہروں کے منصوبے کی مخالفت کرتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمیں کسی بھی صوبے کی ترقی پر اعتراض نہیں، لیکن پیپلز پارٹی یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی ہم سے نہ چھینا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اس لیے انہیں وزارتیں ملنی چاہئیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دعا ہے کہ عمران خان جب جیل سے باہر آئیں تو ملک اور اداروں کے خلاف سازشیں ترک کر دیں، اور ملک کی ترقی کے لیے مثبت طرزِ فکر اختیار کریں۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مسلسل اسلام آباد پر چڑھائی کی حکمتِ عملی بنا رہی ہے، اور میرا ماننا ہے کہ وہاں مشیر داخلہ کے طور پر پرویز خٹک مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک خیبرپختونخوا کی ایک بااثر اور فعال شخصیت ہیں۔