جمعہ, 25 اپریل , 2025

پولیس نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈیرہ غازی خان، پولیس نے سرحدی تھانہ وہوا کی جھنگی چیک پوسٹ پر ہونے والا دہشت گردوں کا بڑا حملہ پسپا کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے، جس کی تعداد 20 سے 25 تھی، رات کی تاریکی میں مختلف سمتوں سے جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے راکٹ لانچرز اور جدید خودکار اسلحے کا استعمال کیا۔

latest urdu news

پولیس ترجمان نے بتایا کہ چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے مستعد اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور جوابی فائرنگ سے حملے کو ناکام بنا دیا، پولیس کی مؤثر کارروائی کے باعث دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے، جبکہ اطلاعات ہیں کہ جوابی کارروائی میں انہیں جانی نقصان بھی پہنچا۔

ترجمان کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد منج نے آپریشن کی قیادت کی، جبکہ ڈی پی او سید علی بھی موقع پر موجود تھے۔ مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملے کو ناکام بنانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ جھنگی پولیس چیک پوسٹ کو پنجاب حکومت کی جانب سے مزید محفوظ بنایا جاچکا ہے اور وہاں اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter