اسلام آباد، اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی، عمران خان نے پنجاب میں تنظیمی امور کے فیصلوں کا اختیار عالیہ حمزہ کو تفویض کر دیا ہے۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی کہ عالیہ حمزہ کو پنجاب میں تنظیمی فیصلے کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
عمران خان نے واضح طور پر کہا کہ عالیہ حمزہ جس عہدے دار کو معطل کرنا چاہیں یا کسی نئی ذمہ داری سے نوازنا چاہیں، ان کے پاس یہ اختیار ہے، بانی پی ٹی آئی نے عالیہ حمزہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ذمہ داری کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اس کے علاوہ، عمران خان نے خالد خورشید کی جانب سے احسان طور کی تعیناتی کو بھی مکمل حمایت فراہم کی۔ ملاقات کے دوران وکلاء رہنما عالیہ حمزہ کی رہنمائی کے لیے ان تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہے تاکہ بانی کی ہدایات انہیں پہنچا سکیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں ٹرائل عدالت کو چار ماہ کے اندر فیصلے سنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت دی کہ وہ زیرِ التوا مقدمات کا چار ماہ کے اندر فیصلہ کرے۔