جمعہ, 25 اپریل , 2025

پرکشش تنخواہوں کا لالچ، پاکستانیوں کو کمبوڈیا میں یرغمال بنا لیا گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، پاکستانی شہریوں کو پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر ایشیائی ملک کمبوڈیا بلا کر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جہاں سینکڑوں پاکستانی کئی ماہ سے قید اور تشدد کا شکار ہو رہے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق، ایف آئی اے کراچی کے ڈائریکٹر، نعمان صدیقی نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر کمبوڈیا میں آئی ٹی سیکٹر، کال سینٹرز، انجینئرنگ اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں پرکشش ملازمتوں کی تشہیر کی جاتی ہے۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ خاص طور پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں بھارتی ایجنٹس پاکستانی نوجوانوں کو جھانسہ دیتے ہیں، ان نوجوانوں کو ایک سے دو ہزار ڈالرز ماہانہ تنخواہ کا لالچ دے کر کمبوڈیا بھجوایا جاتا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق، لاہور اور کراچی میں بھی نوجوانوں کو دھوکہ دے کر اس راستے پر بھیجا جا رہا ہے، حالیہ ہفتوں میں ایک خاتون سمیت 20 سے زائد پاکستانی شہری کمبوڈیا سے ایمرجنسی دستاویزات پر ڈی پورٹ ہوچکے ہیں۔

اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے ایس ایچ او سہیل محمود شیخ کے مطابق، خاتون سمیت 20 افراد سے تفتیش کے بعد اب تک 14 انکوائریاں اور 2 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا پہنچنے والے نوجوانوں کے پاسپورٹ ضبط کر لیے جاتے ہیں اور انہیں دور دراز علاقوں میں جبری مشقت، غیر قانونی سرگرمیوں، خاص طور پر غیر قانونی کال سینٹرز میں کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter