پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حجاج کو منیٰ اور عرفات میں اب تک جگہ الاٹ نہیں کی گئی، جس کے باعث 70 سے 75 ہزار پرائیویٹ حجاج کے حج کوٹے کے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ 89 ہزار پرائیویٹ حجاج کے لیے منیٰ اور عرفات میں جگہ کی الاٹمنٹ کا مسئلہ پرائیویٹ حجاج آرگنائزیشن اور وزارت مذہبی امور کے درمیان اختلافات کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تنازع کے باعث سعودی حکومت کی دی گئی مہلت ختم ہو چکی ہے، تاہم، وفاقی وزیر مذہبی امور نے اس معاملے کے جلد حل کے لیے سعودی حکام کو خط لکھ دیا ہے، اگر معاملات طے نہ پائے تو ہزاروں پرائیویٹ حجاج حج ادا کرنے سے محروم رہ جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر میں خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔