42
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے گدون اُتلہ میں نمازِ عید کے بعد دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ عید کے موقع پر دونوں فریقین کا آمنا سامنا ہوا، جس کے بعد مسجد کے باہر ہی فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جسے پشاور کے اسپتال ریفر کیا جا سکتا ہے۔