راولپنڈی، پاک فوج اور مراکش کی افواج کے مابین تیسری دو طرفہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انسداد دہشت گردی پر مبنی ان مشقوں کی افتتاحی تقریب سپیشل آپریشنز اسکول چراٹ میں منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مراکش کی سپیشل فورسز نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سپیشل آپریشنز اسکول کے کمانڈنٹ تھے۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے دونوں افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور مہارت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
مشقوں کے دوران دونوں ممالک کی افواج انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کریں گی، ان سرگرمیوں کا مقصد پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ پاک فوج کی غیر ملکی افواج کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا انعقاد کئی اہم مقاصد کے تحت کیا جاتا ہے۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور جدید عسکری تکنیک سے استفادہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
مختلف ممالک کی افواج کے ساتھ مل کر تربیت کرنے سے فوجی جوانوں کو انسداد دہشت گردی، شہری جنگ اور دیگر پیچیدہ آپریشنز سے متعلق تجربات کا تبادلہ کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے،اس کے علاوہ، ایسی مشقیں دفاعی تعلقات کو فروغ دیتی ہیں اور عسکری سطح پر باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کو مضبوط بناتی ہیں