اسلام آباد، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی صادق خان نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ صادق خان نے بتایا کہ مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے دوروں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ ان دوروں سے دوطرفہ مذاکرات کے عمل میں بہتری آئے گی۔ صادق خان نے یہ بھی بتایا کہ ٹی ٹی پی کی سرپرستی کے معاملے کو افغان حکومت کے ساتھ شدت سے اُٹھایا گیا ہے، اور ٹی ٹی پی کے مختلف گروہ حملے کر رہے ہیں، جس پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں مارے جانے والے پاکستانیوں کا تعلق بہاولپور سے تھا اور اس پر دفتر خارجہ کام کر رہا ہے، ان کی میتیں پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور دفتر خارجہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ایرانی حکام سے رابطہ جاری ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ ایرانی حکومت نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے اور ایران سے اعلیٰ سطح کے رابطوں کا امکان ہے۔ کمیٹی نے افغانستان کے حوالے سے ایک اور اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں فلسطین سے متعلق بحث کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے جذباتی انداز میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں اتنے مولوی موجود ہیں جتنے یہودی دنیا بھر میں ہیں، لیکن اس کے باوجود دعائیں قبول نہیں ہو رہیں۔