اسلام آباد، دفتر خارجہ نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کسی عالمی یا کثیرالملکی فورم پر اس سے کوئی تعلق رکھا ہے۔
فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرارداد پر سوشل میڈیا پر کی جانے والی باتیں گمراہ کن اور حقائق کے برعکس ہیں۔ اس قرارداد کا پس منظر یہ ہے کہ یہ پاکستان کی نہیں بلکہ جنیوا میں او آئی سی (اسلامی تعاون تنظیم) گروپ کی جانب سے ہر سال پیش کی جانے والی مشترکہ قرارداد ہے، جسے فلسطینی وفد کی منظوری اور او آئی سی کی حمایت کے بعد پیش کیا گیا تھا۔
دفتر خارجہ نے وضاحت کی کہ پاکستان نے اس قرارداد کے متن میں کسی بھی مرحلے پر کوئی یکطرفہ تبدیلی نہیں کی۔ اس کا مقصد قرارداد کو ختم کرنا نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھیجنا تھا تاکہ عالمی سطح پر فلسطینی کاز کو اجاگر کیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ سوشل میڈیا پوسٹس غیر درست میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں جنہیں بنیاد بنا کر گمراہی پھیلائی جا رہی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے او آئی سی کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے نہ صرف یہ قرارداد پیش کی بلکہ فلسطینی وفد کی درخواست پر مزید دو قراردادیں بھی اقوام متحدہ میں پیش کیں۔
دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان کا فلسطینی عوام کے حق اور اُن کی جدوجہد آزادی کے ساتھ تاریخی اور غیر متزلزل موقف برقرار ہے۔