کراچی، لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑی سیم بلنگز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ ہمیشہ خوشگوار ہوتا ہے، اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ساتھ مقابلہ ہمیشہ دلچسپ رہتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سیم بلنگز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ میں شکست سے سبق حاصل کیا اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بطور بیٹنگ یونٹ ہم نے شراکت داری پر توجہ دی اور یہی کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی۔
انہوں نے فخر زمان اور ڈیرل مچل کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کی، اور بتایا کہ رشاد حسین نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے مڈل اوورز میں اہم کردار ادا کیا، سیم بلنگز کے مطابق لاہور قلندرز کا ڈریسنگ روم ایک خاندان جیسا ماحول فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردو کے کچھ الفاظ سیکھ چکا ہوں اور مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ہم آہنگی بہت اچھی ہے، جس سے کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔
سیم بلنگز نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ان کا پہلا فرنچائز تجربہ تھا اور یہاں آ کر کھیلنے میں ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اور انگلینڈ، پاکستان سمیت دیگر لیگز میں اعلیٰ معیار کا کرکٹ کھیلا جا رہا ہے۔