واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا سے باہر تیار کی جانے والی تمام گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ امریکا میں تیار ہونے والی گاڑیوں پر یہ ٹیکس لاگو نہیں ہوگا اور ملکی آٹو انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی طرح فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی واپسی کے لیے بھی خصوصی ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایلون مسک نے آٹو ٹیرف سے متعلق کوئی مشورہ نہیں دیا، تاہم ممکن ہے کہ میں چین پر عائد کچھ ٹیکسوں میں کمی کر دوں۔
دوسری جانب امریکا نے پاکستان، چین، ایران، متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا کی 80 کمپنیوں کو برآمدات کی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا۔
روزنامہ جنگ نے غیر ملکی خبر ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ بلیک لسٹ کی گئی کمپنیوں میں 50 سے زائد کا تعلق چین سے ہے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں 19 پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات اور ایران کی 4، 4 کمپنیوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔