امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے علاوہ دیگر ممالک پر اضافی ٹیرف 90دن کیلئے معطل کردیا ہے تاہم اس دوران ان ممالک پر 10فیصد ٹیرف عائد رہے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے علاوہ دیگر ممالک پر عائد اضافی ٹیرف 90 دن کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مدت کے دوران ان ممالک پر 10 فیصد ٹیرف برقرار رہے گا، تاہم مزید کسی اضافی محصول کا اطلاق نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تین ماہ کا وقفہ اُن ممالک کے لیے ہے جنہوں نے امریکہ پر تجارتی لحاظ سے منفی اثرات نہیں ڈالے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہلت اُن ممالک کو بہتر تجارتی رویہ اپنانے کا موقع فراہم کرے گی۔
دوسری جانب چین پر امریکی موقف مزید سخت ہو گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے چین پر عائد ٹیرف میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے اسے 125 فیصد کر دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ "چین کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ امریکہ مزید دھوکہ برداشت نہیں کرے گا۔”
ٹرمپ کے اس اچانک اور جارحانہ فیصلے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں پر فوری اثرات مرتب ہوئے۔ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جبکہ تیل کی قیمتوں میں بھی بڑا اُچھال آیا۔ سرمایہ کاروں نے اس اقدام کو امریکی تجارتی پالیسی میں نئے موڑ کے طور پر دیکھا ہے۔