پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ وہ ٹاس ہارنے کے باوجود میچ جیتنے پر بہت مطمئن ہیں۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ وہ ٹاس ہارنے کے باوجود میچ جیتنے پر بہت مطمئن ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا، فینز اور سب کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کی کامیابی کے لئے متحد رہیں، خاص طور پر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔
شان مسعود نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ ان کی کپتانی میں چھ میچز ہارے، کیونکہ کپتانی ایک بڑی ذمہ داری ہے جس میں ٹیم سلیکشن اور فیصلوں کی ذمہ داری شامل ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کپتانی کا اعزاز بھی ہے، اور اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔
کپتان نے کہا کہ ہر جگہ کھیلتے وقت کنڈیشنز کے مطابق ایڈجسٹ کرنا ہوتا ہے، چاہے وہ گرین وکٹ ہو یا اسپن وکٹ۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی ٹیم بننے کے لئے ہر طرح کی کنڈیشنز میں کھیلنا ضروری ہے۔
انہوں نے اسپنر نعمان علی اور ساجد کی بولنگ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر مستقبل کی سیریز پر غور کریں گے۔