اسلام آباد، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کو سندھ کی آواز پر توجہ دینی چاہیے، ہم نہیں چاہتے کہ مسائل سڑکوں پر آ کر حل ہوں۔
وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سندھ میں حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا، جبکہ تحریک انصاف کا واحد مطالبہ این آر او کا حصول ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی جتنا بھی شور مچا لے، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں واضح طور پر کہا ہے کہ وہ نہری منصوبوں کے حامی نہیں ہیں۔
ٹھٹہ میں عوامی خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ عناصر جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ صدر زرداری نے نہری منصوبے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا یہ لوگ بند کمرے کی باتیں سننے کے لیے سلیمانی ٹوپی پہن کر موجود تھے؟