اسلام آباد میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے حافظ طاہر اشرفی کی ملاقات ہوئی،جس میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے ملاقات کی، جس میں منبر و محراب کو مسلمانوں کے مسائل کے حل اور سیرت النبیﷺ کی تعلیم و ترویج کے لیے مؤثر طور پر استعمال کرنے پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علماء کرام کو مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور "پیغام پاکستان” کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے حکومت، ادارے، اور علماء کرام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی جانب سے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دینا معاشرے میں مثبت اثر ڈالے گا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل لابیز کی مداخلت ایک چیلنج ہے اور ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے انتہا پسندی کی مخالفت کا عزم دہرایا اور حج کو اقساط میں کرنے کی تجویز کو متوسط طبقے کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت، اور مساوات کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے حج کے دوران بہترین انتظامات کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔