پشاور، وفاقی وزارت داخلہ نے خیبرپختونخوا حکومت سے صوبے میں زیر تعلیم افغان طلبہ کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل نے اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا کو باضابطہ خط ارسال کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں سے متعلق ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، لہٰذا خیبرپختونخوا میں زیر تعلیم تمام افغان طلبہ کا ڈیٹا 27 مارچ تک فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے تمام افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے۔ مزید برآں، وزارت داخلہ نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو بھی 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے، بصورت دیگر یکم اپریل سے انہیں ملک بدر کرنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے سلامتی کونسل میں ہونے والی کھلی بحث میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام سے استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔