ہفتہ, 26 اپریل , 2025

وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وفد کی ملاقات، معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔

وفد کی قیادت سینئر بیوروکریٹ اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ نے کی، اور یہ وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

latest urdu news

وزیر اعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں اور امریکی کمپنیوں کو اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

دوران ملاقات، پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری اور انسداد دہشت گردی جیسے باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے امور پر تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter