وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات مشترکہ عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں، اور پاکستان ان تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تین لاکھ سے زائد پاکستانی عمان میں مقیم ہیں، جو عمان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت کی کوشش ہے کہ مزید ہنر مند افراد کو روزگار کے مواقع کے لیے عمان بھیجا جائے۔
عمانی سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ یہ تعلق مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم دہرایا گیا۔