اسلام آباد، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج 2025 کا اجرا کردیا گیا۔
رمضان ریلیف پیکج کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیکج سے 40 لاکھ خاندان اور 2 کروڑ افراد مستفید ہوں گے، 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس بار مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہے اور گزشتہ سال کے 7 ارب کے رمضان پیکج کے مقابلے میں اس بار 3 گنا بڑھایا، اس بار رمضان پیکج کو انتہائی آسان بنایا، اب لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کا قلع قمع کیا جائے گا، اس ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا، ایسی قبر کھو دیں گے کہ دوبارہ اس ناسور کا نکلنا ممکن نہیں ہوگا، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اس ناسور کو دفن نہیں کر دیتے۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے میں مولانا حامد الحق کی شہادت اور دیگر پاکستانیوں کی شہادت المناک واقعہ ہے، یہ قدیم جامعہ ہے جہاں اسلامی و عصری تعلیم فراہم کی جاتی ہے، یہ سچے پاکستانی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس واقعے پر قوم افسردہ ہے، ہم اس دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، امید ہے خیبرپختونخوا حکومت ان قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ رمضان پیکج کو 20 دنوں کے اندر حتمی شکل دی گئی ہے، اسٹیٹ بینک، نادرا، بی آئی ایس پی اور دیگر متعلقہ اداروں نے ناممکن کو ممکن بنایا، پہلی بار 30لاکھ ڈیجیٹل والٹس بنائے گئے ہیں، ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقم براہ راست مستحقین تک پہنچے گی۔