جمعہ, 25 اپریل , 2025

وزیراعظم نے بلاول کو یقین دلایا کہ کینالز کے معاملے پر اتفاق رائے سے فیصلہ ہوگا، رانا ثناءاللہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 6 کینالز کے معاملے پر باہمی مشاورت سے بات چیت کی جائے گی، اور جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسائل اسی وقت پیچیدہ ہوتے ہیں جب کسی معاملے پر ضد یا تصادم کی فضا پیدا ہو، شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بلاول بھٹو، خورشید شاہ، گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت بھی شریک تھی۔

latest urdu news

انہوں نے وضاحت کی کہ سندھ میں 6 کینالز کے حوالے سے ملکیت کا مسئلہ درپیش ہے، اور پیپلز پارٹی کو اس معاملے کی اونرشپ لینی ہی پڑے گی، ورنہ کوئی اور لے لے گا، پیپلز پارٹی ان نکات کو سمجھتی ہے اور اسے اس خلا کو پُر کرنا چاہیے، کیونکہ اگر وہ اس مسئلے کی ذمہ داری لے گی تو بہتر فیصلہ کر سکے گی، سندھ میں کینالز کے معاملے پر جس انداز کی سیاست ہو رہی ہے، پیپلز پارٹی کو اس صورتحال کا ادراک کرنا چاہیے۔

بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے فکرمند بھی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ٹرین کو یرغمال بنا کر بے گناہ افراد کو قتل کیا، اور ایسے عناصر کسی بھی قسم کی ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کبھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے المناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter