جمعہ, 25 اپریل , 2025

وزیراعظم جلد ایک اور بڑی خوشخبری دیں گے، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آنے والے دنوں میں قوم کو ایک اور خوشخبری سنانے والے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشخبریوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ایک مثبت کوشش ہے، جس پر وہ اور ان کی ٹیم داد کے مستحق ہیں۔

latest urdu news

عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کے ذاتی مفادات بجلی منصوبوں سے وابستہ تھے، وہ اب عوامی ریلیف ہضم نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے رمضان سہولت بازاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان بازاروں میں عوام کو 1.11 ارب روپے کی بچت فراہم کی گئی، جہاں 3.57 ارب روپے کی خریداری ہوئی، اور 28 ہزار افراد نے فری ہوم ڈیلیوری سے فائدہ اٹھایا۔ اگست تک 13 مزید سہولت بازار قائم کیے جائیں گے اور 69 کروڑ روپے کی لاگت سے موجودہ بازاروں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا حکومت کو نشانے پر رکھتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہاں کرپشن کے کئی واقعات زبان زد عام ہیں، علی امین گنڈا پور کے پارٹی فنڈز پر 75 کروڑ خرچ کرنے کا اعتراف قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی خراب ہے، یہاں تک کہ ہینڈ گلوز کی خریداری میں بھی بے ضابطگیوں کے شواہد موجود ہیں۔ چترال میں جنگلات کے منصوبے سے خزانے کو 866 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

پانی کی تقسیم کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جلسوں میں بات کرنے کے بجائے وفاقی سطح پر سنجیدہ اور تعمیری انداز میں اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز میں بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں پر تشویش ظاہر کی، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے اس معاملے پر بات کی گئی ہے اور جلد اس حوالے سے نیا لائحہ عمل لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھیٹر مالکان انہیں بلیک میل کر رہے ہیں اور قانونی کارروائی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter