جمعہ, 25 اپریل , 2025

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ریاض، وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے عزم کو سراہا، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔

علاقائی سلامتی کے امور پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں ممالک نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور خطے کے سیاسی منظرنامے پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے پر آمادگی ظاہر کی۔

دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور پاک سعودی شراکت داری کو مشترکہ مفادات اور ترقی کے وژن کے تحت نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter