اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف آج سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ایک خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، جو اوورسیز کمیونٹی کی تجاویز کی روشنی میں ترتیب دیا گیا ہے۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور ان کے تعاون کو ملک کی ترقی میں ایک قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں۔
سید قمر رضا نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش بڑے مسائل کے حل کے لیے ایک چودہ نکاتی جامع ایجنڈا تیار کیا جاچکا ہے، جس پر عملدرآمد کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں جاری پہلے سالانہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں حکومت پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کی سنجیدہ کوششوں کا اظہار کیا گیا ہے، اس کنونشن کا مقصد دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف اور ان کے جائز خدشات کو سننا ہے، تاکہ ان کے تجربات اور تجاویز کی روشنی میں بہتر پالیسی سازی ممکن ہوسکے۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کنونشن کے موقع پر بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ایک جامع پیکج کا اعلان کریں گے، جس کا مقصد ان کے طویل عرصے سے حل طلب مسائل کو مؤثر طریقے سے سلجھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی نہ صرف وطن کے لیے مالی طور پر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفیر کا کردار بھی ادا کرتی ہے۔