اسلام آباد، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی ای آفس پر منتقلی کے اپنے احکامات پر عمل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے احکامات پر عمل درآمد کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مینوئل فائلنگ سسٹم سے ای آفس (ای فائلنگ) پر فوری منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای آفس پرجزوی منتقل وزارتوں اور ڈویژنز کو بھی 100 فیصد تک منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، کیونکہ متعدد وزارتیں اور ڈویژنز ابھی بھی مینول فائلنگ سسٹم کا استعمال کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو خط لکھا ہے جس میں وزارتوں، ڈویژنز کو 2 ہفتوں میں تمام محکموں میں ای آفس کا نفاذ یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ای آفس پر منتقلی کے احکامات پرعمل درآمد کا ذاتی طور پرجائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے 27 مارچ 2024 کو سرکاری دفاتر میں ای آفس کے جلد نفاذ کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔